نئی دہلی،30 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا) ہندوستان نے نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے 7 جنوری تک برطانیہ آنے اور جانے والی پروازوں پر عارضی پابندی عائد کردی ہے۔ شہری ہوا بازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے یہ اطلاع دی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ وزارت سول ایوی ایشن نے گذشتہ ہفتے ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان 23 سے 31 دسمبر تک ہوائی خدمات پر پابندی لگادی تھی، جس کے بعد اب اس کی توسیع 7 جنوری 2021 کردی گئی ہے۔ابھی تک ہندوستان میں برطانیہ سے نئے کورونا وائرس کے 20 کیسزرپورٹ ہوئے ہیں۔ منگل کے روز برطانیہ میں پائے جانے والے نئے کورونا وائرس نے ہندوستان میں بھی دستک دے دی ہے۔
حکومت نے منگل کے روز کہا تھا کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 6 افراد کونئے کورونا سے متاثر پایا گیا ہے۔ اس کے بعد سے کل 20 افراد نئے کورونا سے متاثرہوئے ہیں۔ اس سے قبل شہری ہوا بازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے منگل کے روز کہا تھا کہ نئے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے برطانیہ جانے اور جانے والی پروازوں پر پابندی میں توسیع کی جاسکتی ہے۔ پوری نے منگل کے روز پریس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان ہوائی اڈوں پر پابندیوں کے مزید کچھ دن بڑھ جانے کی امید ہے۔